نقش فریادی ہے کس کی شوخیٔ تحریر کا

مرزا غالب

نقش فریادی ہے کس کی شوخیٔ تحریر کا

کاغذی ہے پیرہن ہر پیکرِ تصویر کا

شوخیٔ نیرنگ، صیدِ وحشتِ طاؤس ہے

دام، سبزے میں ہے پروازِ چمن تسخیر کا

لذّتِ ایجادِ ناز، افسونِ عرضِ ذوقِ قتل

نعل آتش میں ہے، تیغِ یار سے نخچیر کا

کاؤ کاوِ سخت جانی ہائے تنہائی، نہ پوچھ

صبح کرنا شام کا، لانا ہے جوئے شیر کا

جذبۂ بے اختیارِ شوق دیکھا چاہیے

سینۂ شمشیر سے باہر ہے دم شمشیر کا

آگہی دامِ شنیدن جس قدر چاہے بچھائے

مدعا عنقا ہے اپنے عالمِ تقریر کا

خشت پشتِ دستِ عجز و قالب آغوشِ وداع

پُر ہوا ہے سیل سے پیمانہ کس تعمیر کا

وحشتِ خوابِ عدم شورِ تماشا ہے اسدؔ

جو مزہ جوہر نہیں آئینۂ تعبیر کا

بس کہ ہوں غالبؔ، اسیری میں بھی آتش زیرِ پا

موئے آتش دیدہ ہے حلقہ مری زنجیر کا

تمام غزلیں دیکھیں

Recent Comments

No comments to show.